بھوپال،3/جنوری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) مفروضہ لو جہاد کے خلاف قانون نافذ کرنے کے بعد مدھیہ پردیش حکومت سرکاری املاک کو نقصاٖن پہنچانے والوں پر گرفت مضبوط کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ اس طرح کا قانون ایم پی میں بنایا جائے گا، جو سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو سخت سزا کے ساتھ جائیداد کی ضبط کئے جانے کا بھی انتظام ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سنگباری کرنے والے معاشرے کے دشمن ہیں، افسران کو ایسے لوگوں کو سخت سے سخت سزا دینے کے لئے قوانین بنانے کی ہدایت دی گئی ہے، جلد ہی قانون سامنے آجائے گا۔ دراصل، نیمچ اجین اور مندرسور میں سنگ باری کے واقعا ت پیش آئے ہیں۔
ہفتے کے روز وزیر اعلیٰ نے وزیروں اور افسران کی میٹنگ میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے قوانین بنانے کا عندیہ دیا تھا۔ اتوار کے روز بی جے پی کے ریاستی صدر وی ڈی شرما کی لنچ پارٹی کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ نہ صرف پتھراؤ، بلکہ بعض اوقات عوامی املاک کو نقصان پہنچایا جانا بھی نقصان دہ ہے، عوامی املاک کے ساتھ ساتھ ذاتی املاک کو بھی نقصان پہنچا یا جاتاہے، کسی کی دکان کو نذر آتش کردی گئی، اس صورت میں اس سے تاوان لیا جائے گا، یہ ناقابل معافی جرم ہے۔انہوں نے کہا کہ پرامن طریقہ سے کوئی اپنی بات کہہ سکتا ہے جمہوریت اس کی اجازت دیتی ہے، لیکن تخریب کاری کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔